عید کی پیشگی مبارک باد....!
ان تڑقتے نحیف کاندھوں پر
اپنے کنبے کا بوجھ ڈھوتا ہوں
اور جب دل کا بوجھ بڑھتا ہے
بیوی بچوں سے چھپ کے روتا ہوں
ضبط_غم کی نہیں کوئ میعاد
عید کی پیشگی مبارک باد
بجھتی آنکھیں،ستا ہوا چہرہ
یہی انجام_سخت کوشی ہے
جوڑتا ہوں رقم کفن کے لیے
یہی اصل_سفید پوشی ہے
ہر تگ و دو کی ہے یہی بنیاد
عید کی پیشگی مبارک باد
سیٹیاں بج رہی ہیں کانوں میں
سسکیوں اور ٹھنڈی آہوں سے
عید کا چاند کیا نظر آۓ
ڈبڈباتی ہوئ نگاہوں سے
عرض بے نطق،بے صدا ارشاد
عید کی پیشگی مبارک باد
کہہ رہی ہے زبان_حال مری
میں نے کی ہے ترقئ معکوس
روز چھپتا ہوں قرض خواہوں سے
کیسے بنواؤں خوش نما ملبوس
ہر ضرورت ہے بانجھ،بے ایجاد
عید کی پیشگی مبارک باد
تھک گیا ہے مرا رفوگر بھی
یوں ادھڑتا ہے چاک سل سل کر
کہتے ہیں عید ہنس کے ملتے ہیں
میں اگر رو پڑا گلے مل کر؟
مجھ کو اس رسم سے رکھو آزاد
عید کی پیشگی مبارک باد
ایک پتھر ہے میرے سینے میں
یا دل_ناصبور رکھتا ہوں
عید پر خوش لباس بچوں سے
اپنے بچوں کو دور رکھتا ہوں
آپ ہی صید آپ ہی صیاد
عید کی پیشگی مبارک باد
عید کے دن کہیں نکلتے نہیں
میں، مری اہلیہ، مری اولاد
اس لیے دوستوں کی خدمت میں
عید کی پیشگی مبارک باد
خوش رہیں سب بقدر _استعداد
عید کی پیشگی مبارک باد...!!
0 comments:
ایک تبصرہ شائع کریں