’’بڑا اڑیل ملزم ہے۔جرم کی صحت اور اپنی صحت دونوں سے انکاری ہے۔ جب کہ جرم بھی خاصا ’صحت مند‘ تھا اور خود بھی‘‘۔
ملزم کو اسپتال میں داخلہ لیے ہوئے لگ بھگ 90دن ہوگئے ہیں۔ہمارے کالم نگار دوست سلیم فاروقی کو مریض سے زیادہ معالجوں کی فکر لاحق ہوگئی ہے۔ بلکہ معالجوں سے بھی زیادہ علاج گاہ کی بابت متفکر ہیں۔کہتے ہیں کہ اسپتال کی بڑی بدنامی ہو رہی ہے کہ ایک بیمار اُن سے تین ماہ میں بھی ٹھیک نہ ہوسکا۔ مگرہمیں فاروقی صاحب کی تشویش سے اتفاق نہیں ہے۔ بدنامی اسپتال کی نہیں ہو رہی ہے۔بدنامی تو مریض کی ہو رہی ہے۔ کیوں کہ جس مریض کو فوجی اسپتال بھی ٹھیک نہ کر سکے تو ۔۔۔’نا اُمیدی اُس کی دیکھا چاہیے‘ ۔۔۔ طب کی اصطلاح میں ایسے مریض کو ’لا علاج مریض‘ کہتے ہیں۔ خود مریض کے نئے وکیل (بیرسٹر فروغ نسیم) نے بھی عدالت کے رُوبرو ایک درخواست پیش کرتے ہوئے اس امرکا اعتراف کیا ہے کہ اس مریض (کے دل) کا علاج صرف امریکا میں ہو سکتا ہے۔یہ بات ہمارے دل کو بھی لگی۔بقول شاعر:
آپ ہی نے دردِ دل بخشا ہمیں
آپ ہی اس کا مداوا کیجیے
ہم نے مانا کہ ’مسلح افواج کا ادارۂ امراضِ قلب‘ (AFIC) ’مایوس مریضوں کی آخری آرام گاہ‘ نہیں ہے۔مگر مایوس ملزم کو وہاں کمرے کا کرایہ، ڈاکٹروں کی فیس، لیبارٹری ٹسٹ کے اخراجات اور ادویات کی قیمت وغیرہ کچھ بھی ادا کرنے کا بوجھ نہیں اُٹھانا پڑتا۔اُسے وہاں علاج کا استحقاق حاصل ہے۔ پنشن یافتہ ہو جانے کے بعد بھی اس قسم کا استحقاق ’ملازم مریضوں‘ کو حاصل رہتا ہے۔ ہمیں تو علم نہیں، مگر کیا عجب کہ فوجی ملازمت کے قواعد و ضوابط کی رُو سے ملازم مریضوں کے مقابلے میں ’ملزم مریضوں‘ کو وہاں (روپوش) رہنے کا زیادہ (عرصے تک) مستحق سمجھا جاتاہو۔
یہ بات تو طے ہے کہ ادارے کی بدنامی بالکل نہیں ہورہی ہے۔ پھر بھی ایک اخبار کے نمائندے نے مریض سے چُھپ کر مذکورہ اسپتال کے معالجوں سے دریافت کیا کہ کیا واقعی اسپتال میں سی ٹی انجیو گرافی اور مستقل نگہداشت کی سہولت نہیں ہے کہ مریض کو علاج کے لیے امریکا جانا پڑے؟ اس پر ماہرین امراضِ قلب نے جواب دیا کہ دونوں سسٹم ہمارے پاس موجود ہیں اور روزانہ اوسطاً 50مریض ان سے استفادہ کرتے ہیں۔البتہ ماہرین نفسیات کہتے ہیں کہ کسی مریض کے اتنے لمبے عرصہ تک اسپتال میں رہنے سے ڈیپریشن سمیت متعدد نفسیاتی مسائل جنم لے سکتے ہیں۔اگر آپ بہت زیادہ بیمار ہیں اور لمبا عرصہ اسپتال میں رہنا پڑے تو مجبوری ہے۔لیکن اگر اسپتال میں رہنے میں آپ کی اپنی مرضی شامل ہوتو نفسیاتی اثرات مرتب نہیں ہوتے۔جو مریض اپنی مرضی سے لمبا پڑا رہے اُس پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔
ICUکے بعض بیماروں کو پروفیسر عنایت علی خان نے \’I See You\’ کے بیمار قرار دیاہے۔بلکہ ان میں ڈاکٹروں کو بھی شمار کیا ہے۔ کہتے ہیں:
ڈاکٹر پہلے دیکھیں گے سسٹرز کو
آئی سی یو کے بیمار اپنی جگہ
کچھ مریض \’I will see you\’ کے (تکیۂ کلام والے) مریض بھی ہوتے ہیں۔ایسے مریضوں کا انجام یہی ہوتا ہے جو ہو رہاہے۔
لمبے عرصہ تک پڑے رہنے پر ایک کہانی یاد آگئی جو لڑکپن میں پڑھی تھی۔ایک بادشاہ نے اپنے سپاہیوں کے لیے ایک شاندار شفا خانہ تعمیر کروایا۔ ہرقسم کی سہولتیں، انواع و اقسام کی نعمتیں اور ادویات کے ساتھ ساتھ مقویات کی لذتیں بھی وہاں فراہم کردی گئیں۔ نتیجہ اس کا یہ نکلا کہ سپاہیوں کی ایک بڑی تعداد ’مستقل مریض‘ ہوگئی۔ یہ مریض کبھی مانتے ہی نہ تھے کہ وہ ٹھیک ہو گئے ہیں۔ معالج بھی کہتے تھے کہ کسی مریض کو ایسی حالت میں بھلا کیسے شفاخانے سے رخصت کردیں جب وہ تکلیف کی شکایت کر رہا ہو۔ بادشاہ کے لیے یہ صورتِ حال خاصی تشویشناک ہوگئی تھی۔ مگر وہ بھی اطبا کی اجازت کے بغیر ان مفت خوروں کو ’آئی سی یو‘ سے نکال نہیں سکتا تھا۔ آخر اُس نے شاہی طبیبوں کو چھوڑ کر (جو اُس کے خیال میں شاہی مریضوں سے ملے ہوئے تھے) ایک غیر شاہی طبیب سے رابطہ کیا۔ طبیب نے کہا:
’’بادشاہ سلامت! یہ کون سا مشکل کام ہے؟ بس مجھے کچھ چیزوں کی ضرورت ہوگی‘‘۔
بادشاہ نے کہا:’’تم جو مانگو گے دیا جائے گا۔اور اگر شاہی شفا خانہ ان مفت خوروں سے خالی کرا لیا تو منہ مانگا انعام بھی دیا جائے گا‘‘۔
طبیب نے کہا:’’مجھے فقط نو من تیل، دو من لکڑیاں، ایک کڑھاؤ اور کچھ ہٹے کٹے مشٹنڈے کارکنان درکار ہوں گے‘‘۔
بادشاہ نے مطلوبہ اشیا فراہم کردیں۔ اسپتال میں اعلان ہوا کہ ایک طبیب ایسا دریافت ہوا ہے جو پُرانے سے پُرانے اور پیچیدہ سے پیچیدہ امراض کا چٹکی بجاتے علاج کر دیتا ہے۔لہٰذا جتنے پرانے مریض ہیں وہ نئے طبیب کے حضور پیش ہوں۔
نئے طبیب صاحب نے شفا خانے کے احاطے میں ایک دور دراز گوشہ ڈھونڈ کروہاں اپنا خیمہ لگایا۔وہیں لکڑیاں جلوائیں، اُن پر کڑھاؤ چڑھایا۔ کڑھاؤ میں تیل ڈلوایا اور اُسے خوب کھولایا۔جب تیل اچھی طرح کھول گیااور اُس میں سے بلبلے اُٹھنے لگے توپہلے مریض کو بُلوایا۔مریض بے چارا چار پائی (اسٹریچر) پر لاد کر لایا گیا۔حکیم صاحب نے نبض دیکھی۔پوچھا:’’کیا تکلیف ہے؟‘‘
مریض کراہتے ہوئے بولا: ’’آئے ہائے ہائے ہائے ہائے حکیم جی! یہ تکلیف ہے، وہ تکلیف ہے، یہاں تکلیف ہے، وہاں تکلیف ہے‘‘۔
حکیم صاحب نے پوچھا: ’’کب سے تکلیف ہے؟‘‘ مریض بولا:’’اجی 90دن سے علاج کرا رہا ہوں۔ بیماری ہے ٹھیک ہونے کا نام ہی نہیں لیتی‘‘۔
یہ سنا تو حکیم صاحب اپنے مشٹنڈوں سے مخاطب ہوئے:’’ کم بختو!یہ تین ماہ میں ٹھیک نہ ہوسکا۔ دیکھتے کیا ہو؟ یہ تو لاعلاج مریض ہے۔ اُٹھاؤ اسے اور کڑھاؤ میں پھینک دو‘‘۔
مریض نے جب یہ سنا تو اُس میں ہڑبڑا کریکایک ایسی پھرتی، چستی، مستعدی اور چاقی و چوبندی سب پیدا ہوگئی کہ وہ چھلانگ مار کر چارپائی (اسٹریچر) سے کودا اور حکیم جی سے کہنے لگا: ’’حکیم جی!میں ٹھیک ہوگیا ہوں۔ میں ٹھیک ہوگیا ہوں حکیم جی!‘‘
حکیم جی نے کہا: ’’ٹھیک ہے۔ تمھیں اسپتال سے رُخصت کیا جاتاہے۔ مگرباہر جانے سے پہلے سب سے یہ کہتے ہوئے جاؤ کہ میں ٹھیک ہوگیا ہوں‘‘۔دیکھتے ہی دیکھتے پوار شفاخانہ ’لا علاج مریضوں‘ سے خالی ہوگیا۔ اب سناہے کہ طیارہ آگیا ہے۔ پنچھی اُڑجائے گا اور سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا! -
ابو نثر
0 comments:
ایک تبصرہ شائع کریں