الله کا شکر ہے کہ میں طالبان کی قید میں تھی!
"اگر
کسی اور قوم کی قید میں ہوتی تو میرا حال گوانتاناموبے اور ابوغریب جیل کے قیدیوں جیسا
ہوتا، مجھے اسلام کی دشمنی افغانستان لے گئی، مگر اسلام میری آخری تمنا بن گیا"
ون ریڈلی وہ برطانوی صحافی خاتون ہیں جو 28 ستمبر 2000ء
کو خفیہ طور پر افغانستان میں داخل ہوتے ہوئے طالبان کی قید میں چلی گئی تھیں اور
10 دن تک طالبان کی قید میں رہیں۔ اسی قید نے انہیں کفر کی زندگی سے آزادی دلوائی۔
قید سے آزاد ہونے کے بعد انہوں نے اسلام کا مطالعہ کیا اور عیسائیت کو ترک کرکے اسلام
قبول کر لیا۔ آج کل وہ اسلام اورامت مسلمہ کے مسائل کی انتہائی سرگرم ترجمان ہیں، وہ
کہتی ہیں کہ میں چاہتی ہوں جدھر بھی جاؤں اسلام کی روشنی پھیلا دوں اور اسلام کے لیے
لوگوں نے جو تعصب کی آ گ پھیلا دی ہے اسے بجھادوں۔
ون ریڈلی لندن کے اخبار”سنڈے ٹائمز“ میں ایک صحافی کی حیثیت
سے کام کرتی تھیں۔ جب امریکی وبرطانوی فوج کی طرف سے افغانستان پر حملہ ہونے والا تھا
تو رپورٹنگ کے لیے انہوں نے اپنے اخبار کو افغانستان جانے کی پیش کش کی۔ پاکستان پہنچنے
کے بعد انہوں نے افغانستان کا ویزا حاصل کرنے کی کوشش کی، مگر کامیابی نہ ملی، لیکن
انہوں نے افغانستان جانے کا پختہ ارادہ کر لیا تھا، اس لیے ایک افغانی کی مدد سے جعلی
شناختی کارڈ بنواکر وہ افغانستان میں داخل ہوگئیں۔ ان کا گائیڈ جب ان کو اپنے گاؤں
لے کر گیا تو وہاں کے لوگوں نے بڑی محبت سے ون ریڈلی کا استقبال کیا۔ گاؤں والوں کو
جب یہ پتا چلا کہ ریڈلی ایک مغربی عورت ہے تو وہ ڈر گئے، کیوں کہ وہاں بلا اجازت غیر
ملکیوں سے رابطہ رکھنا جرم تھا لیکن اپنی روایتی میزبانی نے ان کو ریڈلی کے ساتھ اچھا
برتاؤ کرنے پر مجبور کر دیا۔ ان کی میزبانی سے فارغ ہو کر ریڈلی اپنے گائیڈ کے ساتھ
وہاں سے آگے روانہ ہو گئیں۔ کچھ دور وہ دونوں پیدل چلے، اس کے بعد گائیڈ نے ون ریڈلی
کو خچر پر سفرکرنے کو کہا۔ ریڈلی نے سوچا پہاڑی راستے پر چلنے سے بہتر ہے کہ وہ خچر
پر بیٹھ جائیں۔ ان کے خچر پر بیٹھتے ہی وہ بد کا اور اس نے دوڑ لگا دی اور کچھ دور
جاکر رک گیا۔ ون ریڈلی نے دیکھا کہ وہاں مقامی لباس میں ملبوس ایک مسلح شخص کھڑا ہے،
وہ ایک خوب صورت نوجوان تھا، جس کے چہرے پر داڑھی تھی ، وہ ون ریڈلی کے گلے میں جھولتے
کیمرے کو دیکھ کر سمجھ گیا کہ وہ ایک صحافی ہیں۔ اس شخص جس کا مجھے کچھ دیر بعد علم
ہوا کہ وہ طالبان فوجی ہے نے کیمرہ ان سے لے لیا اور خچر سے اترنے کو کہا ، اسی اثنا
میں وہاں پر اور بھی مسلح طالبان آگئے۔
ون ریڈلی کہتی ہیں کہ ” میں نے سوچا اس وقت میں دنیا کے
سب سے ظالم اور شیطان طالبان کی قید میں ہوں، اب پتہ نہیں وہ میرا کیا حشر کریں گے؟
“ مسلح لوگ ان کے گرد جمع ہو گئے، لیکن نہ کسی نے انہیں ہاتھ لگایا اور نہ کسی نے ان
سے کوئی بات کی ۔ پھر ان کو اپنے پیچھے آنے کا کہہ کر وہ آگے بڑھے۔ ایک مقام پر رک
کر کھڑے ہو گئے ، وہاں پر بہت سے پتھر پڑے ہوئے تھے۔ ون ریڈلی نے سوچا شاید ان کو سنگسار
کیا جائے گا۔ اتنے میں شور اٹھا، ایک آدمی ایک خاتون کے ساتھ ادھر ہی آرہا تھا۔ اس
عورت نے آتے ہی ون ریڈلی کے جسم کو ٹٹولنا شروع کیا۔ پتہ چلا کہ یہ لوگ یہاں رک کر
اسی عورت کا انتظار کر رہے تھے کہ وہ آکر اس کی تلاشی لے سکے۔ ون ریڈلی کہتی ہیں کہ
اس وقت میں نے سوچا کہ میں دنیا کے مہذب ترین ملک کی شہری ہوں، لیکن وہاں کسی عورت
کی جامہ تلاشی کے لیے اس بات کا خیال نہیں رکھا جاتا، یعنی عموماً مرد سیکورٹی اہلکار
ہی خواتین کی جامہ تلاشی لیتے ہیں اور یہ دنیا کے سب سے جاہل اور ظالم فوجی اس بات
کا خیال کر رہے ہیں کہ ایک عورت کی جامہ تلاشی مرد نہ لے، بلکہ ایک عورت ہی لے ۔ تلاشی
کے دوران ون ریڈلی نے اپنے کپڑے اوپر اٹھا دیے تو وہاں موجود تمام لوگ اپنا چہرہ دوسری
طرف کرکے کھڑے ہو گئے۔
گرفتاری کے بعد ون ریڈلی نے اس گروہ کے ایک فرد سے سٹیلائٹ
فون کا مطالبہ کیا، تاکہ وہ اپنے گھر اور دفتر والوں کو اپنی گرفتاری کی اطلاع دے سکیں۔
ان کے انکار پر ریڈلی نے بھوک ہڑتال کر دی۔ ون ریڈلی کا خیالی تھا کہ دنیا کی سب سے
ظالم فوج کو ان کی بھوک ہڑتال کی کیا پروا ہو گی؟ لیکن وہ لوگ اس کی بھوک ہڑتال سے
پریشان ہو گئے اور طرح طرح سے ان کی بھوک ہڑتال ختم کرانے کی کوشش کرنے لگے ، پھر ایک
بزرگ آئے ، وہ ون ریڈلی کو انگریزی میں سمجھانے لگے اور ان کے کھانے سے مسلسل انکار
پروہ رونے لگے۔
بھوک ہڑتال کے دوران ایک دن ان کی طبیعت خراب ہو گئی تو
ان کے لیے فوراً ڈاکٹر کو بلایا گیا۔ جس فوج کے بارے میں ون ریڈلی نے سن رکھا تھا کہ
یہ دنیا کی سب سے ظالم اور شیطانی فوج ہے، ان کے اس رویے سے وہ بہت حیران تھیں۔ ایک
دن ان کا ترجمان ان کے پا س آیا ،جو انگریزی جانتا تھا، اس نے ان سے کہا کہ ایک بہت
بڑی شخصیت ان سے ملنے آرہی ہے ، ترجمان نے ان سے یہ بھی کہا کہ ان سے کوئی بدتمیزی
نہ کرنا۔ اس کے جانے کے تھوڑی دیر بعد دروازہ پردستک ہوئی ۔ یہ بھی ایک عجیب بات تھی
کہ وہ ایک قیدی تھیں، لیکن دروازہ کھولنے کا اختیار اور چابی انہیں کے پاس تھی، ون
ریڈلی نے آگے بڑھ کر دروازہ کھولا، سامنے کھڑی شخصیت کو دیکھ کر وہ تھوڑی خوف زدہ ہو
گئیں ، وہ ایک طویل القامت شخص تھا، اس کی لمبی داڑھی تھی اور اس نے لمبا چغہ پہن رکھا
تھا، اس کے چہرے سے جیسے ایک نور نکل رہا تھا۔ وہ شخص اجازت لے کراندر داخل ہوا اور
ون ریڈلی کا حال واحوال پوچھنے کے بعد اس نے اس سے اسلام کے بارے میں پوچھا۔ ریڈلی
نے سوچا اگر اس کے سوال کا جواب نہ دوں گی تو رہائی مشکل ہو جائے گی، لہٰذا اس نے درمیانی
بیان دیا کہ اسلام بہت اچھا مذہب ہے ، اسلام امن اورسلامتی کامذہب ہے۔ اس پر اس شخص
نے کہا کہ تم اسلام کیوں قبول نہیں کر لیتیں ؟ ون ریڈلی نے سوچا کہ ابھی اسلام قبول
کیا تو سمجھیں گے کہ دباؤ میں اسلام قبول کیا ہے، اس لیے اس نے چالاکی سے کہا کہ اگر
مجھے رہا کر دو تو میں وعدہ کرتی ہوں کہ اسلام اور قرآن کا مطالعہ کروں گی۔ جاتے وقت
اس شخص نے کہا، تم ان شاء الله جلد گھر چلی جاؤ گی۔
اگلی صبح کچھ فوجی آئے اور اسے لے کر چلے ۔ ون ریڈلی نے
سوچا شاید اسے رہاکیا جارہا ہے، مگر وہ اسے خواتین کے قید خانے میں لے گئے۔ جب وہ وہاں
داخل ہوئیں تو اس نے دیکھا کہ وہاں کچھ یورپی خواتین دائرہ بنائے با آواز بلند بائبل
کا مطالعہ کر رہی ہیں۔ انہیں ان کی عبادت سے کوئی نہیں روک رہا تھا، کیوں کہ اسلامی
مملکت میں غیر مسلموں کو اپنی عبادت کرنے کی مکمل آزادی ہے، البتہ وہ اپنے دین کی تبلیغ
نہیں کرسکتے۔ ون ریڈلی نے سگریٹ پینا چاہا تو ان خواتین نے بتایاکہ نو اسموکنگ ایریا
ہے، یہاں مرد اور عورت کوئی سگریٹ نہیں پیتے۔ ایک دن ون ریڈلی نے ایک افسر کے سامنے
تھوک دیا، افسروں کو برا بھلا کہنا تو اس کا معمول تھا، ون ریڈلی کو لگا کہ تھوکنے
کی وجہ سے اسے سزائے موت ضرور دے دی جائے گی۔ ایک شخص نے کہا کہ تم نے ہمارے لیڈر کے
ساتھ بدتمیزی کی ہے، جس کی سزا تمہیں ضرور ملے گی اور تمہاری سزا یہ ہے کہ آج سبھی
قیدی اپنے اپنے گھر فون کریں گی، مگر تمہیں فون کرنے کی اجازت نہیں ملے گی ۔ دنیا میں
مشہور ”ظالم“ حکومت نے یہ سزا اسے دی تھی۔
ون ریڈلی اپنی قید کے دوران ہوئے ایک دلچسپ واقعہ کو اس
طرح سناتی ہیں کہ ” ہماری جیل میں مرد کم ہی آتے تھے، بس قید خانہ کے دروازہ پر مرد
پہرے دار رہتے تھے۔ ایک بار میں نے اپنا زیر جامہ دھو کر سکھانے کے لیے قید خانے کے
ایک حصے میں پھیلا دیا۔ کچھ دیر بعد ایک افسر میرے پاس آیا اور زیر جامہ وہاں سے ہٹانے
کو کہا، میں نے ہٹانے سے صاف انکار کر دیا، اس پر انہوں نے ایک کپڑا اس کے اوپر ڈالوا
دیا، لیکن مجھے انہیں پریشان کرنے میں مزا آتا تھا، میں نے وہ کپڑا اوپر سے ہٹا دیا
اور کہا ، تمہارا دماغ خراب ہو گیا ہے، اگر ان کے اوپر کپڑاڈال دو گے تو یہ خشک کیسے
ہو گا؟ کچھ دیر بعد میں نے دیکھا ایک شخص میرے پاس آیا، تعارف کرایا گیا کہ یہ افغان
نائب وزیرخارجہ ہیں۔ انہوں نے بھی مجھ سے میرے زیر جامہ وہاں سے ہٹانے کا مطالبہ کیا
اور کہا کہ یہاں ہمارے پہرے دار ہوتے ہیں، اس کی وجہ سے انہیں فاسد خیالات آسکتے ہیں
۔ اس وقت میں سوچتی رہی کہ یا خدا! یہ کیسے لوگ ہیں؟ چند گھنٹوں بعد امریکا وبرطانیہ
بھرپور طاقت کے ساتھ ان کے ملک پر حملہ کرنے والے ہیں اور یہ صرف اس خوف سے مجھ سے
میرے کپڑے ہٹانے کے لیے گفت گو کرنے آرہے ہیں کہ کہیں ان کے پہرے داروں کے دل میں فاسد
خیالات نہ آجائیں۔
امریکی حملے کے دوسرے روز طالبان فوجی ون ریڈلی کے پاس آئے
اورکہا کہ ہم تمہیں حفاظت کے ساتھ پاکستان پہنچا دیتے ہیں ۔ ون ریڈلی حیران تھیں کہ
یہ کیسے لوگ ہیں،موت ان کے سروں پر کھڑی ہے اور یہ اسے حفاظت سے یہاں سے باہر نکالنے
کی فکر میں ہیں؟ اس کے بعد وہ بحفاظت اُسے سرحد تک لائے اور پاکستانی حکام کے حوالے
کر دیا۔
ون ریڈلی کہتی ہیں کہ میں الله کا شکر ادا کرتی ہوں کہ میں
طالبان کی قید میں تھی، اگر کسی اور قوم کی قید میں ہوتی تو میرا حال گوانٹاناموبے
اور ابو غریب جیل کے قیدیوں جیسا ہوتا۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا حال دیکھ کر وہ الله کا
شکر ادا کرتی ہیں کہ وہ امریکا کی قید میں نہیں تھیں۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے
لیے ون ریڈلی نے ان کی بہن فوزیہ صدیقی کے ساتھ کئی بار پریس کانفرنس میں حصہ لیا۔
ون ریڈلی نے قید کے دوران طالبان سے وعدہ کیا تھا کہ رہا
ہونے کے بعد قرآن کریم کا مطالعہ کروں گی اس لیے آزادی نصیب ہونے کے بعد انہوں نے قرآن
کریم کا مطالعہ شروع کیا، ساتھ ہی اسلام میں انسانی حقوق اور عورت کے مقام کو بھی جاننا
شروع کیا، طویل مطالعہ کے بعد انہیں معلوم ہوا کہ اسلام وہ واحد دین ہے جس نے عورتوں
کو سب سے زیادہ حقوق دیے ہیں۔
ون ریڈلی جون2002ء میں کلمہ شہادت پڑھ کر اسلام کے دائرے
میں شامل ہو گئیں۔ وہ کہتی ہیں کہ مجھے اسلام دشمنی کے لیے افغانستان بھیجا گیا تھا،
مجھے کیا پتہ تھا کہ اسلام میرے لیے آخری تمنا بن جائے گا اورمیری زندگی اسلام کے لیے
وقف ہو جائے گی۔ الله تعالیٰ میرا حامی وناصر ہو اورمجھے راہ حق پر قائم رکھے۔ آمین
ون ریڈلی نے ایک کتاب بھی لکھی
(In
the hands of taliban)
جس کا اردو ترجمہ "طالبان کی قید میں" یہاں سے
ڈاؤنلوڈ کیا جا سکتا ہے
Tags:
Yvonne Ridley, maryam, taliban, captive, (یو آنے رڈلے سے مریم تک )
Accepted islam